عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے حکم کی خلاف ورزی، سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست

عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف پی ٹی آئی نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی۔ عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر درخواست میں ذمہ داران کو شوکاز نوٹس، ذاتی حیثیت میں طلب کرنے اور قانون کے مطابق سزا دینے کی استدعا کی گئی ہے
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے میں سپریم کورٹ کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی۔
درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے ذمہ دار افراد کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی جائے اور جواب دہندگان کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں۔ درخواست گزاروں نے یہ بھی استدعا کی ہے کہ متعلقہ افراد کو ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے مزید درخواست کی ہے کہ ذمہ داران کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
درخواست میں عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور وہاں ان کا مکمل طبی معائنہ کرانے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
عدالتی حکم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے درخواست میں عدالت سے عدالتی افسر تعینات کرنے یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے، تاکہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی نگرانی کی جا سکے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونا عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کر چکی ہے۔
شائع ہوا: 22 اگست، 2026 کو 06:14 AM
آخری تدوین: 22 اگست، 2026



