وسیم اکرم نے بھارتی صارف کا دعویٰ مسترد کر دیا، واقعے کو من گھڑت قرار دے دیا

سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے بھارتی سوشل میڈیا صارف کے قومی ٹیم کے باؤلر سے متعلق دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ کبھی پیش نہیں آیا
لاہور: پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے بھارتی سوشل میڈیا صارف کی جانب سے پاکستانی باؤلر سے متعلق کیے گئے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بھارتی صارف نے دعویٰ کیا تھا کہ لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران ایک پاکستانی باؤلر نے وسیم اکرم کی جانب سے بولنگ میں تکنیکی خامی دور کرنے کی کوشش پر انہیں جواب دیا کہ وہ اپنی بولنگ خود جانتا ہے اور اسے وسیم اکرم کی رہنمائی کی ضرورت نہیں۔
بھارتی صارف نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی کوچنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم وسیم اکرم نے اس دعوے پر براہ راست ردعمل دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔ سابق کپتان نے واضح کیا کہ ایسا کوئی واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر شخص، بشمول قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی، ان کا بے حد احترام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب وسیم اکرم نے اپنے حوالے سے گردش کرنے والی غلط معلومات کی تردید کی ہو۔ اکتوبر 2025 میں بھی انہوں نے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ پر تنقید کی تھی، جس میں ہریانہ میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار ایک یوٹیوبر کے ساتھ وسیم اکرم کی تصویر استعمال کی گئی تھی۔
اس موقع پر بھی وسیم اکرم نے صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیا تھا کہ کسی بھی خبر یا دعوے کو شیئر کرنے سے قبل اس کے حقائق کی تصدیق کرلی جائے۔
شائع ہوا: 21 اگست، 2026 کو 03:27 AM
آخری تدوین: 21 اگست، 2026



