شی جن پنگ کا آزاد تجارت اور معاشی انضمام پر زور، ایشیا پیسیفک کی ترقی کے لیے اہم پیغام

چینی صدر شی جن پنگ نے 33ویں اپیک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایشیا پیسیفک خطے کی ترقی کے لیے آزاد تجارت، معاشی انضمام، مصنوعی ذہانت اور علاقائی تعاون کو ناگزیر قرار دے دیا
شینزین: چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ایشیا پیسیفک خطے کی ترقی، معاشی استحکام اور خوشحالی کے لیے آزاد تجارت اور معاشی انضمام ناگزیر ہیں۔ چین خطے میں اقتصادی تعاون کا مضبوط حامی ہے اور تمام ممالک کے ساتھ مل کر مشترکہ ایشیا پیسیفک کمیونٹی کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔
شینزین میں 33ویں اپیک اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چینی صدر نے ’’ایشیا پیسیفک کمیونٹی کی تعمیر اور ایشیا پیسیفک معجزے کا نیا باب رقم کرنا‘‘ کے عنوان سے کلیدی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں شی جن پنگ نے کہا کہ ایشیا پیسیفک خطے کی ترقی اور بحالی کے لیے آزاد تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی انضمام کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے، ڈیجیٹل نظام کو جدید بنانے اور اقتصادی سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

چینی صدر نے علاقائی روابط کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی ڈھانچے کے نیٹ ورکس کو بہتر بنانے، پالیسیوں اور ضوابط میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے سے خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
جدت طرازی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے شی جن پنگ نے کہا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر اور مصنوعی ذہانت کے وسیع پیمانے پر استعمال کو فروغ دینے کے لیے مزید کوششیں کرنا ضروری ہیں۔
انہوں نے پائیدار ترقی کو بھی علاقائی معیشتوں کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے توانائی اور غذائی تحفظ، سرحد پار انسداد بدعنوانی کے نظام اور ماحول دوست کم کاربن معیشت کی جانب منتقلی کے لیے مشترکہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانے، عوامی فلاح و بہبود بہتر بنانے اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین تمام فریقین کے ساتھ مل کر ایک مضبوط، مربوط اور خوشحال ایشیا پیسیفک کمیونٹی کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
شائع ہوا: 19 نومبر، 2026 کو 07:55 AM
آخری تدوین: 19 نومبر، 2026



