خالد مقبول صدیقی کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل، حکومت سے خونریزی کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ

خالد مقبول صدیقی نے بلاول بھٹو زرداری کے خونریزی سے متعلق بیان پر وفاقی حکومت اور عدالتوں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ ایم کیو ایم رہنما کا سوال، پورے پاکستان میں صوبے بننے ہیں تو خونریزی کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں کیوں ہوگی؟ 29 نومبر کی ریلی سے متعلق بھی اہم اعلان
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خونریزی سے متعلق بیان پر وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پورے پاکستان کو دھمکی دی ہے، اس بیان پر عدالتوں کو ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ وفاقی حکومت اور امن و امان قائم کرنے کے ذمہ دار ادارے بھی اس معاملے کا نوٹس لیں۔
خالد مقبول صدیقی نے بلاول بھٹو پر نسل پرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا عزیر بلوچ سے دوبارہ خونریزی کرانی ہے؟ اگر پورے پاکستان میں نئے صوبے بننے ہیں تو خونریزی صرف کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں کیوں ہوگی؟ سندھ کے شہری علاقوں میں خونریزی کون کرے گا؟
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مصنوعی اکثریت کی بنیاد پر سندھ میں حکمرانی کررہی ہے، جبکہ سندھ کی 65 فیصد آبادی نئے صوبے بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی بھی قسم کی لسانی تفریق کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان سے رابطہ کرکے امن و امان کی صورتحال پر بات کی ہے اور 29 نومبر کو ہونے والی ایم کیو ایم کی ریلی پر نظرثانی کرنے کا کہا ہے۔
ان کے مطابق ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
شائع ہوا: 19 نومبر، 2026 کو 12:52 PM
آخری تدوین: 19 نومبر، 2026



