عالمی امن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون ناگزیر ہے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے برسلز میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے عالمی امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور باہمی تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کو اجاگر کیا
برسلز: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان عالمی امن، انصاف اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔
یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا متحرک کردار عالمی امن کے لیے ملک کی قربانیوں اور خدمات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران 48 اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ عالمی امن کے قیام کی کوششوں میں 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔ امن مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ، مناسب وسائل سے آراستہ اور دیرپا سیاسی حل سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔
وزیر دفاع نے زور دیا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن محض جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو اولین ترجیح دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری عالمی تنازعات کو مزید شدت دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات سے براہ راست متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے دیرینہ تنازعات کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے۔ اس کے ساتھ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور موسمیاتی تبدیلی و ترقیاتی وعدوں پر عمل درآمد بھی ناگزیر ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور عالمی سطح پر انسانی وقار، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
شائع ہوا: 19 نومبر، 2026 کو 06:53 AM
آخری تدوین: 19 نومبر، 2026



