وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

عالمی عدالت انصاف کا میانمار کے خلاف فیصلہ، روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ارادہ ثابت

W
Web Desk
19 نومبر، 2026
عالمی عدالت انصاف کا میانمار کے خلاف فیصلہ، روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ارادہ ثابت

عالمی عدالت انصاف نے میانمار کی فوجی کارروائیوں میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے ارادے کی تصدیق کردی۔ 2017 کے آپریشن میں تقریباً 10 ہزار افراد کے قتل، جنسی تشدد اور بچوں پر مظالم کے شواہد سامنے آئے۔ گیمبیا کی درخواست پر دائر مقدمے میں عدالت کا اہم فیصلہ، 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمانوں کو بنگلادیش ہجرت کرنا پڑی تھی

دی ہیگ: عالمی عدالت انصاف نے میانمار کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے 2017 میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کیے گئے فوجی آپریشنز میں نسل کشی کے ارادے کی تصدیق کردی ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ روہنگیا اقلیت کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنے کے ارادے سے کارروائیاں کی گئیں۔

نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے میانمار کے خلاف روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام سے متعلق مقدمے کا فیصلہ سنایا۔

تین گھنٹے تک جاری رہنے والی عدالتی کارروائی کے دوران عالمی عدالت انصاف کے صدر یوجی ایواساوا نے کہا کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے تقریباً 10 ہزار روہنگیا افراد کو قتل کیا۔

عدالت کے مطابق فوجی کارروائیوں کے دوران بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کیا گیا، بچوں کو انتہائی سنگین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بنگلادیش فرار ہونے کی کوشش کرنے والے روہنگیا پناہ گزینوں پر بھی حملے کیے گئے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ان مخصوص واقعات سے یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ میانمار کی فورسز نے نسل کشی کے ارادے سے یہ کارروائیاں کیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مظالم کے وسیع شواہد سے یہی واحد معقول نتیجہ سامنے آتا ہے کہ روہنگیا اقلیت کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنا مقصود تھا۔

عالمی عدالت انصاف نے مزید کہا کہ میانمار کو یہ علم ہونا چاہیے تھا کہ فوجی مہم کے دوران نسل کشی کا خطرہ موجود ہے، اس کے باوجود روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات نہیں کیے گئے، جو نسل کشی روکنے کی ذمہ داری کی خلاف ورزی ہے۔

یہ مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا نے 2019 میں عالمی عدالت انصاف میں دائر کیا تھا۔ گیمبیا نے میانمار پر روہنگیا آبادی کو تباہ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ میانمار نے 1948 کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔

گیمبیا نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کے خلاف غیر قانونی کارروائیاں روکنے اور نسل کشی کے ذمہ داروں کو سزا دلوانے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب میانمار نے اپنے فوجی آپریشن کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ کارروائی پولیس چوکیوں پر اراکان روہنگیا سالویشن آرمی (ARSA) کے جنگجوؤں کے حملوں کے جواب میں کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ 2017 کے فوجی آپریشن کے نتیجے میں 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان اپنی جانیں بچانے کے لیے بنگلادیش ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے تھے۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں اب بھی 13 لاکھ سے زائد روہنگیا بے گھر ہیں، جن میں سے تقریباً 12 لاکھ بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 19 نومبر، 2026 کو 01:05 PM

آخری تدوین: 19 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین

اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت، اہل خانہ نے ملزم کو معاف کردیا، عدالت سے ضمانت منظور
پاکستان

اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت، اہل خانہ نے ملزم کو معاف کردیا، عدالت سے ضمانت منظور

92 نیوز کی اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت، مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر خان کو معاف کردیا۔ والدہ، بھائی اور بہن نے عدالت میں بیان حلفی جمع کرواتے ہوئے موت کو حادثہ قرار دیا۔ عدالت نے ملزم کی 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی

Web Desk19 نومبر، 2026
پاک بحریہ مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو رہی ہے، سربراہ پاک بحریہ  مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے روایتی جنگوں کی جہتیں بدل دی ہیں، سربراہ پاک بحریہ
پاکستان

پاک بحریہ مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو رہی ہے، سربراہ پاک بحریہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے روایتی جنگوں کی جہتیں بدل دی ہیں، سربراہ پاک بحریہ

پاک بحریہ کےسربراہ ایڈمرل نوید اشرف نےکہا ہےکہ جنگ کے طریقے تبدیل ہوچکے ہیں،مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے روایتی جنگوں کی جہتیں بدل دی ہیں، مسلح افواج نئے جنگی رجحانات اور تقاضوں سے بخوبی آگاہ ہیں

Web Desk19 نومبر، 2026
خالد مقبول صدیقی کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل، حکومت سے خونریزی کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ
پاکستان

خالد مقبول صدیقی کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل، حکومت سے خونریزی کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ

خالد مقبول صدیقی نے بلاول بھٹو زرداری کے خونریزی سے متعلق بیان پر وفاقی حکومت اور عدالتوں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ ایم کیو ایم رہنما کا سوال، پورے پاکستان میں صوبے بننے ہیں تو خونریزی کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں کیوں ہوگی؟ 29 نومبر کی ریلی سے متعلق بھی اہم اعلان

Web Desk19 نومبر، 2026