اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت، اہل خانہ نے ملزم کو معاف کردیا، عدالت سے ضمانت منظور

92 نیوز کی اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت، مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر خان کو معاف کردیا۔ والدہ، بھائی اور بہن نے عدالت میں بیان حلفی جمع کرواتے ہوئے موت کو حادثہ قرار دیا۔ عدالت نے ملزم کی 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی
اسلام آباد: 92 نیوز کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتولہ کے اہل خانہ نے مقدمے میں نامزد ملزم احسن طاہر خان کو معاف کردیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔
ربیعہ احسن کی والدہ، بھائی اور بہن علوینہ نے عدالت میں پیش ہوکر ملزم کے حق میں بیان حلفی جمع کروایا۔ اہل خانہ نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھی اور احسن طاہر نے انہیں جان بوجھ کر قتل نہیں کیا۔
مقتولہ کی بہن نے بیان حلفی میں کہا کہ انہوں نے اپنی تسلی کرلی ہے کہ ملزم احسن نے ان کی بہن کو قتل نہیں کیا، وہ اسے فی سبیل اللہ معاف کرتی ہیں۔
اہل خانہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اگر احسن طاہر خان کو ضمانت پر رہا کردیا جائے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے مقتولہ کے ورثا کے بیانات اور جمع کروائے گئے بیان حلفی کی روشنی میں ملزم احسن طاہر خان کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزم کو 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
دوسری جانب مدعی مقدمہ کی جانب سے ملک محسن محمود کلیامی اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ہائی کورٹ بار صباء فراز راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔
شائع ہوا: 19 نومبر، 2026 کو 01:19 PM
آخری تدوین: 19 نومبر، 2026



