فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران پہنچ گئے، ایرانی وزیر داخلہ سے اہم ملاقات

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر تہران پہنچ گئے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا اور اہم ملاقات کی
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر تہران پہنچ گئے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایران پہنچے ہیں۔ تہران آمد کے بعد ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا حصہ ہے۔ پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کا خواہاں ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے دورہ ایران کے دوران خطے میں جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے کوششوں پر توجہ دیں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات سمیت سکیورٹی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔
شائع ہوا: 24 اگست، 2026 کو 03:11 PM
آخری تدوین: 24 اگست، 2026



