پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلا میں پہنچ گئے، شین ژو 24 مشن تیانگونگ اسٹیشن سے منسلک

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چینی خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے۔ پاک چین خلائی تعاون میں تاریخی پیش رفت، مشن کے دوران سائنسی تجربات کیے جائیں گے
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون کا ایک نیا باب رقم ہوگیا ہے۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے چینی خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے خلا کا سفر کرتے ہوئے تاریخی اعزاز حاصل کرلیا۔ مشن میں شامل خلائی جہاز تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوگیا۔
روانگی کے وقت پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ تھے۔ مشن میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بھی شامل تھے، جو بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
روانگی سے قبل خلائی مرکز میں خلا بازوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستانی اور چینی پرچم لہرائے گئے، جبکہ تینوں خلا بازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا اور خصوصی پروٹوکول میں خلائی مرکز روانہ ہوئے۔

محمد ذیشان علی نے خلائی سفر پر روانگی سے قبل اپنے پیغام میں کہا کہ وہ قوم کی امیدیں اور دعائیں ساتھ لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ صرف ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی اور قومی اعزاز ہے۔
پاکستانی خلا باز مشن کے دوران مائیکرو گریویٹی کے ماحول میں مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے، جبکہ چینی خلا باز بھی تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ اس مشن کو پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
محمد ذیشان علی نے مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشنز کی امید ظاہر کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی قرار دیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا۔

چینی خلا بازوں کی جانب سے بھی پاکستانی خلا باز کی تیاری اور محنت کو سراہا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کا خلائی تحقیق کے میدان میں مشترکہ خواب ہے، جبکہ محمد ذیشان علی نے چینی زبان سیکھنے کے لیے خصوصی محنت کی، جس سے باہمی رابطے میں آسانی پیدا ہوئی۔
یہ مشن پاکستان کے لیے خلائی تحقیق کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ محمد ذیشان علی کی شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کو مزید وسعت ملنے اور مستقبل میں مشترکہ خلائی منصوبوں کے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔

پاکستانی قوم کے لیے یہ ایک قابلِ فخر موقع ہے جو عالمی سطح پر ملک کی سائنسی صلاحیتوں اور خلائی تحقیق میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو اجاگر کرتا ہے۔
شائع ہوا: 25 نومبر، 2026 کو 05:17 AM
آخری تدوین: 25 نومبر، 2026



