پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شین ژو 24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے

پاک چین خلائی تعاون میں نئی تاریخ رقم، پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی نے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں پہنچ کر قومی اعزاز حاصل کرلیا۔ صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وفاقی وزرا کی مبارکباد، تاریخی مشن کو پاکستان کے سائنسی سفر میں اہم سنگ میل قرار دے دیا
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون کا ایک نیا باب رقم ہوگیا۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے خلا میں پہنچ گئے، جبکہ خلائی جہاز تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوگیا۔
مشن میں دو چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر خلائی مشن روانہ ہوا۔ مشن کے دوران تینوں خلا باز خلائی تحقیق اور مختلف سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، جبکہ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق خلا میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے بعد زمین پر واپسی طے ہے۔
پاکستانی خلا باز کی خلائی سفر میں شرکت کو پاک چین دوستی اور سائنسی تعاون کی تاریخ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

روانگی سے قبل پروقار الوداعی تقریب
خلائی مشن شین ژو 24 کی روانگی سے قبل خلا بازوں کے اعزاز میں خصوصی الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستانی اور چینی پرچم لہرائے گئے۔ تینوں خلا بازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا، جس کے بعد وہ خصوصی پروٹوکول میں گاڑیوں کے ذریعے خلائی مرکز روانہ ہوئے۔
دوسری جانب شین ژو 24 کی خلا میں روانگی کے موقع پر سپارکو کے ہیڈکوارٹر اسلام آباد اور کراچی میں بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ سپارکو کراچی میں بڑی اسکرین نصب کی گئی، جہاں ادارے کے افسران اور عملے کی بڑی تعداد نے تاریخی خلائی پرواز کی براہ راست نشریات دیکھیں۔
صدر اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خلائی مشن میں پاکستان کی تاریخی شرکت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت ملک کے سائنسی سفر میں اہم سنگ میل اور باعث فخر لمحہ ہے۔ ان کے مطابق یہ مشن سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ خلائی تحقیق زمین پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ان کے حل تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپارکو اور پاکستانی سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت ملکی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور قومی اداروں کی مشترکہ کوششیں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں کی عکاس ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے خلا تک پہنچ رہی ہے۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے کوششوں پر بھی اظہار تشکر کیا۔
اسحاق ڈار کی پاکستان اور چین کو مبارکباد
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شین ژو 24 مشن کی کامیابی پر پاکستان اور چین کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشن دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی میں ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستانی خلا باز کا تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنا پوری قوم کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق شین ژو 24 مشن پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور خلائی تحقیق کے پرامن مقاصد کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
احسن اقبال: پاکستانی خلا باز کی پرواز نئے دور کا آغاز ہے
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز محض ایک مشن نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
خلائی مشن کی روانگی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے قومی ہیرو پر فخر ہے اور یہ تاریخی لمحہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ شین ژو 24 مشن پر تین خلا باز روانہ ہوئے ہیں، جن میں پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ اس تاریخی منظر کو دیکھ کر پیدا ہونے والے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم ٹیلی ویژن اسکرینوں پر ان یادگار لمحات کا مشاہدہ کر رہی تھی، جبکہ چین میں بھی ہزاروں افراد صبح سویرے اس تاریخی پرواز کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔
وفاقی وزیر کے مطابق یہ ایک خواب کی تعبیر اور پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش سنگ میل ہے۔
عطا تارڑ نے تاریخی لانچنگ تقریب کی ویڈیو شیئر کردی
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شین ژو 24 مشن کی لانچنگ سے قبل منعقد ہونے والی خصوصی تقریب کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔
خلائی مشن کی براہ راست نشریات کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستانی سفیر بھی لانچنگ سائٹ پر موجود تھے۔
اس موقع پر دونوں شخصیات نے پاکستانی پرچم لہرایا اور پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی سمیت سپارکو کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان کے خلائی مستقبل کے لیے اہم پیش رفت
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی شین ژو 24 مشن میں شرکت ملک کے خلائی تحقیق کے پروگرام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ مشن کے دوران وہ بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ مائیکرو گریویٹی کے ماحول میں سائنسی تجربات انجام دیں گے۔
اس تاریخی شرکت سے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
پاکستانی قیادت کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات اور سپارکو میں منعقدہ تقریبات نے اس خلائی مشن کو قومی سطح پر خصوصی اہمیت دے دی ہے۔ یہ مشن نہ صرف دونوں ممالک کی دوستی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے سائنس، تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کی نئی امید بھی ہے۔
شائع ہوا: 25 نومبر، 2026 کو 08:08 AM
آخری تدوین: 25 نومبر، 2026



