امریکا ایران مذاکرات: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات

امریکا اور ایران مذاکرات کے تناظر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہمراہ، خطے میں امن و استحکام پر بات چیت۔
(تہران) امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تہران میں وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی ہے، جس میں خطے کی صورتحال، امن و استحکام اور جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکا اور ایران مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں تہران پہنچا، جہاں ایرانی حکام نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو تہران آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی میزبانی پاکستان اور ایران کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے دونوں ممالک کا عزم مضبوط ہے اور سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔
قبل ازیں تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان گرمجوش مصافحہ اور خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، جبکہ فیلڈ مارشل نے میزبان کا شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل کے اس اہم دورے میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے سے متعلق پیش رفت پر بات چیت کی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تہران خطے میں امن کے قیام اور ثالثی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور مذاکرات کے تسلسل میں ایران پاکستانی وفد کی میزبانی کر رہا ہے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کو مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ ملاقاتیں خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 16 اپریل، 2026 کو 02:30 AM
آخری تدوین: 16 اپریل، 2026



