فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ، پیداواری صلاحیتوں اور برآمدی امکانات کا جائزہ

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا۔ انہیں پی او ایف کے آپریشنز، پیداواری صلاحیتوں، برآمدی امکانات اور کارپوریٹائزیشن پر بریفنگ دی گئی، جبکہ دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب اور رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی پیداواری صلاحیتوں، آپریشنز اور دفاعی مصنوعات کے برآمدی امکانات کا جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پی او ایف کے آپریشنز اور پیداواری سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی طور پر تیار کیے جانے والے اسلحے اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور ٹرائلز کا بھی مشاہدہ کیا۔

پی او ایف ملکی دفاع کے لیے مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی مقامی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ادارے میں مقامی سطح پر اسلحہ اور گولہ بارود کی تیاری کے ذریعے دفاعی خود انحصاری کو فروغ دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی او ایف میں انڈیجنائزیشن اور جدید کاری کے لیے دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں نئے صنعتی پلانٹس سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے دفاعی پیداوار میں مقامی صلاحیتوں کو مزید وسعت ملے گی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاعی پیداوار میں خود انحصاری، مقامی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مقامی صنعتی صلاحیتوں اور تکنیکی جدت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
شائع ہوا: 29 اگست، 2026 کو 08:13 AM
آخری تدوین: 29 اگست، 2026



