وی آئی پی دورے کے باعث امتحان ملتوی کرنے کی کوشش، وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی سی جہلم کو عہدے سے ہٹا دیا

وی آئی پی دورے کے باعث کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈی سی جہلم میر رضا کو عہدے سے ہٹا دیا۔ مارکیٹیں بند نہ کرنے اور شہریوں کی نقل و حرکت متاثر نہ کرنے کی نئی ہدایات بھی جاری
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وی آئی پی دورے کے باعث طلبہ کا امتحان ملتوی کرنے کی کوشش پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا کو عہدے سے ہٹا دیا۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سرکاری یا وی آئی پی دورے کے دوران عوام، بالخصوص طلبہ کو مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
مریم نواز شریف کے مطابق ڈی سی جہلم میر رضا نے واضح ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وی وی آئی پی دورے کو جواز بنا کر کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سرکاری دوروں کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات دوبارہ جاری کردی گئی ہیں کہ وزیراعلیٰ کے دوروں کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نئی ہدایات کے مطابق وزیراعلیٰ کے دورے کے موقع پر کسی مارکیٹ، دکان یا کاروباری ادارے کو بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کاروباری سرگرمی کو معطل کرنے کی اجازت ہوگی۔
حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سکیورٹی کے نام پر رہائشی گلیوں کو بند یا سیل نہ کیا جائے اور شہریوں کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہ کی جائے۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سکیورٹی انتظامات اس انداز میں کیے جائیں کہ عام شہریوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی یہ ہدایات تمام ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز)، ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز)، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دوبارہ ارسال کردی گئی ہیں۔
شائع ہوا: 8 نومبر، 2026 کو 02:41 PM
آخری تدوین: 8 نومبر، 2026



