ڈالر مافیا سے لاتعلقی اختیار نہ کرنا پی ٹی آئی کی بڑی غلطی ہے، شوکت یوسفزئی

شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ڈالر مافیا سے لاتعلقی اختیار نہ کرنا پی ٹی آئی کی بڑی غلطی ہے۔ احتجاجی سیاست اور نام نہاد یوٹیوبرز پر تنقید، مذاکرات پر زور، آئندہ چند ہفتوں کو اہم قرار دے دیا
پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ڈالر مافیا سے لاتعلقی اختیار نہ کرنا پی ٹی آئی کی بڑی غلطی ہے، احتجاجی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوا جبکہ نام نہاد یوٹیوبرز نے بانی پی ٹی آئی کی سیاست کو نقصان پہنچایا۔
اپنے بیان میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی اپنے اس مؤقف پر قائم ہیں کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے۔ انا اور ضد کی سیاست سے سیاسی گنجائش حاصل نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاجی سیاست سے اب تک کوئی خاطر خواہ نتیجہ حاصل نہیں ہوا، جبکہ بعض نام نہاد یوٹیوبرز نے بانی پی ٹی آئی کی سیاست کو نقصان پہنچایا ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ہفتے ملکی سیاست کے لیے انتہائی اہم دکھائی دے رہے ہیں۔ ممکنہ نئی سیاسی صف بندی کے تناظر میں پی ٹی آئی کو بھی فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اس بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال میں کہاں کھڑی ہوگی۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، کیونکہ محاذ آرائی، انا اور ضد سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
شائع ہوا: 8 نومبر، 2026 کو 02:01 PM
آخری تدوین: 8 نومبر، 2026



