لیڈز ٹیسٹ میں انوکھا واقعہ، گیند درمیان سے کاٹ کر دو حصوں میں تقسیم

لیڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 171 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے 5، 5 وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں نے یادگار کے طور پر میچ کی گیند کو درمیان سے کٹوا کر آدھا آدھا تقسیم کرلیا
لیڈز: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لیڈز ٹیسٹ میں کرکٹ کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں پاکستان کی پہلی اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے انگلش بولرز اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے میچ کی گیند کو درمیان سے کٹوا کر دو حصوں میں تقسیم کرلیا۔
پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک ہی اننگز میں دو بولرز کا پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کرنا نسبتاً کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ عام طور پر ایسی صورت میں اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر میچ کی گیند کو یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھ لیتا ہے۔
تاہم لیڈز ٹیسٹ میں دونوں بولرز نے اس موقع کو یادگار بنانے کا منفرد طریقہ اختیار کیا۔ اننگز کے اختتام پر گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے جوش ٹنگ نے اولی رابنسن کو مشورہ دیا کہ گیند کو دونوں کے درمیان آدھا آدھا تقسیم کرلینا چاہیے۔
اولی رابنسن کے مطابق انہوں نے فوراً اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ واقعی ایسا کیا جانا چاہیے اور یہ ایک زبردست یادگار ہوگی۔
بعد ازاں ڈریسنگ روم پہنچ کر جوش ٹنگ نے گراؤنڈ اسٹاف سے دریافت کیا کہ کیا گیند کو درمیان سے کاٹ کر دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔
اولی رابنسن نے بتایا کہ کچھ دیر بعد گراؤنڈ اسٹاف حیران کن طور پر گیند کے دو حصے کرکے ان کے پاس لے آیا۔
اولی رابنسن کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی آدھی گیند جیسی یادگار روز روز نہیں ملتی، اس لیے یہ ایسی یاد ہے جسے وہ اور جوش ٹنگ دونوں کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 20 اگست، 2026 کو 03:41 AM
آخری تدوین: 20 اگست، 2026



