پاکستان تحریک انصاف نے انتہا پسندی سیاست ترک نہ کی تو عمران خان جیل میں رہنے کے معاملے میں آصف علی زرداری کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست نہ چھوڑی تو عمران خان جیل میں رہنے کا آصف علی زرداری کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ بلاول نے سہیل آفریدی، گورنر راج اور سندھ میں نئے صوبے کے مطالبے پر بھی اظہارِ خیال کیا
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست ترک نہ کی تو عمران خان جیل میں رہنے کے معاملے میں آصف علی زرداری کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کے بیشتر تنازعات کی وجہ اس کی انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پی ٹی آئی کو اپنی سیاسی حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی روایت رہی ہے کہ جو شخص آج جیل میں ہوتا ہے، وہ کل اقتدار میں بھی آ سکتا ہے، تاہم اس کے لیے تحریک انصاف کو انتہا پسندی کی سیاست چھوڑنا ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ وہ منفی سیاست کے راستے پر چل رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ چند روز قبل وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے تیار تھی، تاہم ان کے بقول گورنر راج آخری آپشن ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یونین کونسل کی نشست نہیں جیت سکتے، وہ صوبے کی بات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور محسن نقوی سندھ کے ہر شہر میں جا کر عوام سے پوچھیں کہ کیا وہ الگ صوبہ چاہتے ہیں۔
شائع ہوا: 10 اکتوبر، 2026 کو 08:24 AM
آخری تدوین: 10 اکتوبر، 2026



