اسپرنگ فیلڈ، ورجینیا میں جشنِ پاکستان، یومِ دفاع اور امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریب
محمد نعیم اختر8 ستمبر، 2026

امریکی ریاست ورجینیا کے شہر اسپرنگ فیلڈ میں جشنِ پاکستان، یومِ دفاعِ پاکستان اور امریکا کی 250ویں سالگرہ کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت، پاک امریکا تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور پاکستانی کمیونٹی کے کردار پر اہم گفتگو۔ تقریب میں پاکستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گی
(ورجینیا ) امریکی ریاست ورجینیا کے شہر اسپرنگ فیلڈ میں جشنِ پاکستان، یومِ دفاعِ پاکستان اور امریکا کی 250ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام پاکستان مسلم لیگ ن کے ورجینیا میں عہدیداروں کی جانب سے کیا گیا۔ تقریب سے اسد چوہدری، مواعد حسین سید، شہزاد چوہدری، نوید اختر اور ارشد عباسی سمیت کمیونٹی کے دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستانہ تعلقات، دونوں ممالک کی عوام کے درمیان روابط اور امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد امریکی اپنی محنت، کاروباری سرگرمیوں، پیشہ ورانہ خدمات اور مختلف شعبوں میں کامیابیوں کے ذریعے امریکی معاشرے اور معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستانی اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ امریکا میں کامیاب پاکستانی ڈاکٹرز، انجینئرز، کاروباری افراد، ٹیکنالوجی ماہرین، اساتذہ اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد نہ صرف امریکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ اپنے خاندانی، تجارتی اور سماجی روابط کو بھی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے لیے باہمی خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سرمایہ کاری، تجارت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور کاروباری روابط کے ذریعے پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرسکتی ہے۔
تقریب میں یومِ دفاعِ پاکستان کے حوالے سے پاکستان کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے فوجی جوانوں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اس موقع پر پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاک فوج کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے مضبوط اداروں اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔
امریکا کی 250ویں سالگرہ کے حوالے سے بھی تقریب میں امریکا کی ترقی اور کامیابیوں کا ذکر کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ امریکا میں مختلف قومیتوں، مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور پاکستانی امریکی کمیونٹی بھی اسی کثیرالثقافتی معاشرے کا اہم حصہ ہے۔
تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی کمیونٹی امریکا کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی، جبکہ پاکستان کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

مقررین نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر اقتصادی تعاون نہ صرف کاروباری مواقع میں اضافہ کرسکتا ہے بلکہ دونوں معاشروں کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے راستے بھی کھول سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان اور امریکا کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ شرکا نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی امریکی کمیونٹی کے مثبت کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا


محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 8 ستمبر، 2026 کو 03:17 AM
آخری تدوین: 8 ستمبر، 2026



