معاشی ترقی میں سرمایہ کاروں کی شراکت ڈھائی سال میں دوگنا سے زائد بڑھ گئی: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈھائی سال میں سرمایہ کاروں کی شراکت دوگنا سے زائد بڑھی، حکومت میکرو اکنامک استحکام کو پائیدار بنانے اور نجی شعبے کو کاروباری ماحول فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے
کراچی: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی میں سرمایہ کاروں کی شراکت گزشتہ ڈھائی سال کے دوران دوگنا سے زائد بڑھ چکی ہے، جبکہ حکومت میکرو اکنامک استحکام کو پائیدار بنانے اور معیشت کو بوم اینڈ بسٹ سائیکل سے نکالنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے مالیاتی استحکام بنیادی ضرورت ہے، تاہم اب میکرو اکنامک استحکام کو پائیدار بنانا اور معیشت میں بار بار آنے والے تیزی اور مندی کے چکر کو ختم کرنا ضروری ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 60 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ بینکاری صنعت نے اس پروگرام کے لیے 340 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔ ان کے مطابق اب بنیادی مسئلہ قرضوں کے اجرا کا نہیں بلکہ سپلائی سائیڈ کو آگے بڑھانے کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عارف حبیب کے ساتھ آباد ہاؤس کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے، جبکہ ریٹس اس سلسلے میں پل کا کردار ادا کریں گی۔
اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں اضافہ
محمد اورنگزیب نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ 29 مارچ 2024 کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج آئے تھے، اس وقت کے ایس ای 100 انڈیکس تقریباً 67 ہزار پوائنٹس پر تھا، جو اب ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 100 انڈیکس میں اضافے کے پس پشت موجود محرکات کو سمجھنا اہم ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق گزشتہ 20 برس کے دوران سب سے زیادہ آئی پی او گزشتہ سال ہوئے، جن کی تعداد 11 رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال کے دوران سرمایہ کاروں کی شراکت دوگنا سے زائد ہو چکی ہے، جبکہ گزشتہ 12 ماہ میں اسٹاک مارکیٹ میں جین زی اور ملینیئلز کی شراکت 85 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
غیر ملکی سرمایہ کاری اور نجی شعبے کا کردار
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پہلی مرتبہ ڈسکوز کی نجکاری میں ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کے حوالے سے سوالات اٹھائے جاتے ہیں، تاہم ان معاملات میں وقت درکار ہوتا ہے۔
ان کے مطابق تقریباً تین سال قبل معیشت سکڑ گئی تھی، جبکہ حکومت کا کردار نجی شعبے کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ نجی شعبے کو معاشی سرگرمیوں میں قیادت کرنا ہوگی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ سوال کیا جاتا ہے کہ کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے یا نہیں، تو ان کے مطابق یہ حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت یہ کردار جاری رکھے گی۔
پائیدار معاشی ترقی پر زور
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح میکرو اکنامک استحکام کو پائیدار بنانا اور بوم اینڈ بسٹ سائیکل کا خاتمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ محض لیکوئیڈیٹی جاری کرکے معاشی ترقی حاصل کرنے کے بجائے پائیدار ترقی پر توجہ دینا ہوگی، کیونکہ معیشت کے کساد یا مندی میں جانے کے بعد اسے دوبارہ بحال کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس ہدف میں کمی ہو تو وہ خبر بن جاتی ہے، تاہم ٹیکس ہدف حاصل ہونے کو بھی نمایاں کیا جانا چاہیے۔
’نئی معیشت 2.0‘ کی طرف پیش رفت
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو اب نئی معیشت 2.0 کی طرف بڑھنا ہوگا۔ ان کے مطابق نئی معیشت صرف کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں بلکہ اس کے دیگر پہلو بھی ہیں اور پاکستان عالمی سروسز کے شعبے میں قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بانڈ مارکیٹ کو ریٹیل مارکیٹ تک وسعت دینے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ کیپٹل مارکیٹس ڈویلپمنٹ کونسل اپنی سفارشات مرتب کر رہی ہے جو وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔
شائع ہوا: 1 اکتوبر، 2026 کو 08:25 AM
آخری تدوین: 1 اکتوبر، 2026



