ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ: پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی، سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی
زاہد فاروق ملک16 نومبر، 2026
دوسرے ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی، سری لنکا کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔ محمد صفدر اور نعمت اللہ کی 88 رنز کی ناقابل شکست شراکت، اگلا مقابلہ بھارت سے ہوگا
ڈھاکہ: دوسرے ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 87 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 88 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے ساتویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد صفدر اور نعمت اللہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 88 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو باآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو شکست دی تھی، جس کے بعد سری لنکا کے خلاف کامیابی نے قومی ٹیم کی مسلسل دوسری فتح یقینی بنائی۔
پاکستان اب ٹورنامنٹ کے اپنے تیسرے لیگ میچ میں روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ اہم مقابلہ منگل کو کھیلا جائے گا۔

زاہد فاروق ملک پاکستان کے ممتاز سینئر صحافی، کالم نگار اور میڈیا ایگزیکٹو ہیں۔ وہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم ہیں اور اس وقت وائسز آف امریکا کے بیورو چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
شائع ہوا: 16 نومبر، 2026 کو 07:22 AM
آخری تدوین: 16 نومبر، 2026



