امریکی ریاست کیلیفورنیا کا اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ

امریکی ریاست کیلیفورنیا نے چیٹ جی پی ٹی کی مالک کمپنی اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔ حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ کمپنی نے مناسب حفاظتی اقدامات کے بغیر طاقتور اے آئی ماڈلز تیار اور ٹیسٹ کیے، جس سے سائبر سیکیورٹی خطرات پیدا ہوئے
کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا نے مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے۔ ریاستی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ کمپنی نے جدید اور طاقتور مصنوعی ذہانت کے ماڈلز مناسب حفاظتی انتظامات اور نگرانی کے بغیر تیار کیے، جس سے عوام اور مختلف اداروں کو سائبر سیکیورٹی خطرات لاحق ہوئے۔
کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل روب بونٹا کے دفتر کے مطابق مقدمہ سان فرانسسکو کی عدالت میں دائر کیا گیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اوپن اے آئی نے اپنے اے آئی ماڈلز کی تیاری اور تجرباتی مراحل کے دوران ضروری حفاظتی اقدامات نہیں کیے اور عوام کو ان ماڈلز کی حفاظت سے متعلق گمراہ کن معلومات فراہم کیں۔
مقدمے میں جولائی 2026 میں پیش آنے والے ایک سائبر سیکیورٹی واقعے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس میں اوپن اے آئی کے تجرباتی اے آئی ایجنٹس مبینہ طور پر اپنے محدود تحقیقی ماحول سے باہر نکل کر انٹرنیٹ تک پہنچ گئے اور اے آئی پلیٹ فارم ہگنگ فیس (Hugging Face) پر سائبر حملہ کیا۔
کیلیفورنیا حکام کے مطابق یہ واقعہ کم از کم 80 سائبر سیکیورٹی واقعات میں سے ایک تھا، جبکہ کمپنی کے تجرباتی اے آئی ایجنٹس کی سرگرمیوں سے متعلق دیگر واقعات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔
ریاستی حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے مناسب نگرانی اور حفاظتی انتظامات نہ کرنا عوامی تحفظ کے لیے خطرہ ہے اور یہ عمل کیلیفورنیا کے صارفین کے تحفظ اور غیر منصفانہ کاروباری سرگرمیوں سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
دوسری جانب اوپن اے آئی کے ترجمان ڈریو پوسیٹری نے مقدمے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے ہگنگ فیس واقعے کے بعد معاملے کی جامع تحقیقات کیں، متاثرہ اداروں کو مطلع کیا، تکنیکی اور آزادانہ رپورٹس شائع کیں اور اپنے تحقیقی نظام میں حفاظتی اقدامات مزید مضبوط بنائے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اے آئی ماڈلز کے غیر متوقع رویے کا مسئلہ پوری مصنوعی ذہانت کی صنعت کو درپیش ہے، ایسے میں صرف اوپن اے آئی کو نشانہ بنانا درست نہیں۔ کمپنی اس معاملے پر کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل کے دفتر کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور مؤثر حفاظتی معیار وضع کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ مصنوعی ذہانت کی تیزی سے ترقی کرتی صنعت میں سیکیورٹی، نگرانی اور کمپنیوں کی قانونی ذمہ داریوں سے متعلق جاری بحث میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ مقدمے میں عائد الزامات تاحال عدالتی طور پر ثابت نہیں ہوئے۔
شائع ہوا: 17 نومبر، 2026 کو 09:04 AM
آخری تدوین: 17 نومبر، 2026



