آئینی عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں پر حکم امتناع میں ترمیم کر دی

وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا میں تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق 5 نومبر کے حکم امتناع میں ترمیم کر دی۔ پشاور ہائیکورٹ کو دیگر آرٹیکل 199 کے مقدمات سننے کی اجازت برقرار رکھنے کی وضاحت کی گئی
اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا میں تھری ایم پی او (3-MPO) کے تحت گرفتاریوں سے متعلق اپنے حکم امتناع میں ترمیم کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست منظور کر لی ہے۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے 5 نومبر کو جاری کیے گئے حکم امتناع میں ترمیم کر دی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی ہے اور وکلا کی عدالتی پریکٹس بھی رک گئی ہے۔
اس پر وفاقی آئینی عدالت نے وضاحت کی کہ حکم امتناع گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات تک محدود تھا، جبکہ پشاور ہائیکورٹ دیگر آئینی مقدمات، جو آرٹیکل 199 کے تحت دائر کیے گئے ہیں، کی سماعت کر سکتی ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح کے مطابق تو آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جا سکتے، تاہم اگر آرٹیکل 245 کی لفظی تشریح کی جائے تو پورا عدالتی نظام جام ہو سکتا ہے۔
دوران سماعت عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔
بیرسٹر گوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کے معاملے میں بھی ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں تاحال ریویو بورڈ قائم نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ ریویو بورڈ تین ماہ بعد تشکیل دیا جائے گا۔
جسٹس امین الدین خان نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کی ہیں، جب وہ درخواستیں ہمارے پاس پہنچ جائیں گی تو ان کا جائزہ لے لیا جائے گا۔
بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔
شائع ہوا: 16 نومبر، 2026 کو 07:13 AM
آخری تدوین: 16 نومبر، 2026



