اسحاق ڈار کی او آئی سی سیکرٹری جنرل سے ملاقات، مسلم اُمہ کے اتحاد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ
زاہد فاروق ملک16 نومبر، 2026
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں او آئی سی سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے ملاقات، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت اور مسلم اُمہ کے اتحاد کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو مسلم اُمہ کی متحد اور مؤثر آواز بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اتوار کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی کونسل آف منسٹرز کے 30ویں اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو عہدہ سنبھالنے کے بعد اسلام آباد کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہا اور انہیں یقین دلایا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کو مزید مضبوط، متحد اور مؤثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اسحاق ڈار نے تنظیم کے بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعاون کا بھی اعادہ کیا۔
خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف
ملاقات کے دوران او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد نے ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے دوران خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کے فعال کردار کی بھی تعریف کی، خصوصاً رکن ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کے فروغ کے لیے کامسٹیک (COMSTECH) کے ذریعے پاکستان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
فلسطین اور کشمیر کے عوام کی حمایت کا اعادہ
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت اور اس حوالے سے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مسلم اُمہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے او آئی سی کے پلیٹ فارم کو مزید فعال اور مؤثر بنانا ضروری ہے۔

زاہد فاروق ملک پاکستان کے ممتاز سینئر صحافی، کالم نگار اور میڈیا ایگزیکٹو ہیں۔ وہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم ہیں اور اس وقت وائسز آف امریکا کے بیورو چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
شائع ہوا: 16 نومبر، 2026 کو 03:54 AM
آخری تدوین: 16 نومبر، 2026



