امریکا میں گرفتار بھارتی ایجنٹ کا پاکستان میں سکھ رہنماؤں کو ٹارگٹ کرنے کا انکشاف
محمد نعیم اختر16 نومبر، 2026
امریکی پراسیکیوٹرز نے بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو کو پاکستان میں سکھ رہنما کے قتل کی مبینہ سازش سے جوڑ دیا۔ نکھل گپتا کے خلاف عدالتی دستاویزات میں اہم انکشافات سامنے آگئے
نیو یارک: سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے مقدمے میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔ امریکی پراسیکیوٹرز نے بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو کو پاکستان میں ایک الگ قتل کی سازش سے بھی جوڑ دیا ہے، جس میں نکھل گپتا کے مبینہ کردار کی تفصیلات عدالتی دستاویزات میں سامنے آئی ہیں۔
امریکی پراسیکیوٹرز نے پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث نکھل گپتا کے لیے 24 سال اور 5 ماہ، یعنی 293 ماہ قید کی سزا کی سفارش کی ہے۔ سزا سے متعلق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویز میں پاکستان میں ایک مبینہ ہدف کے تعاقب اور اسے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم تفصیلات درج ہیں۔

دستاویز کے مطابق مئی 2023 میں نکھل گپتا نے وکاش یادو کو پیغام دیا کہ پاکستان میں مبینہ ہدف کو قتل کرنے کے لیے بھیجے گئے افراد پہنچ چکے ہیں اور اس کی تلاش کر رہے ہیں۔

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ وکاش یادو نے بعد ازاں گپتا سے کارروائی کی پیش رفت معلوم کی اور مبینہ طور پر حملہ آوروں کو اضافی رقم فراہم کرنے کی ہدایت دی تاکہ اگلے ہی روز قتل کی کارروائی مکمل کی جاسکے۔
عدالتی دستاویز کے مطابق وکاش یادو نے مبینہ ہدف کے مختلف مقامات کی تفصیلات بھی فراہم کیں، جو نکھل گپتا کے ذریعے ان افراد تک پہنچائی جانی تھیں۔
امریکی پراسیکیوٹرز کے مطابق 14 مئی 2023 کو وکاش یادو نے گپتا کو ہدایت دی کہ اگر حملہ آوروں نے ہدف کو پکڑ لیا ہے تو اسے قتل کردیا جائے، کیونکہ دوبارہ ایسا موقع نہیں ملے گا۔

دستاویز میں وکاش یادو کے بھارتی حکومت سے تعلق کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق یادو بھارتی حکومت کے کابینہ سیکریٹریٹ میں ملازم تھا، جہاں بھارت کا خفیہ ادارہ ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ، المعروف را، بھی قائم ہے۔
دوسری جانب نکھل گپتا کے وکلا نے بھی عدالتی دستاویز میں تسلیم کیا ہے کہ گپتا اور وکاش یادو کے درمیان نیپال یا پاکستان میں ایک الگ ممکنہ ہدف کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔
امریکی پراسیکیوٹرز نے گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کو سیاسی قتل کی کوشش قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے امریکی خودمختاری اور بنیادی اقدار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

واضح رہے کہ نکھل گپتا نے 13 فروری 2026 کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش، قتل کے لیے اجرت دینے کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش سے متعلق الزامات تسلیم کرلیے تھے۔
نکھل گپتا کو نیو یارک کی وفاقی عدالت میں 20 نومبر کو سزا سنائی جائے گی۔ مقدمے کی سماعت امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر میرّیرو کی عدالت میں ہوگی۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 16 نومبر، 2026 کو 03:19 AM
آخری تدوین: 16 نومبر، 2026



