وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
امریکا

امریکا میں فضائی بحران برقرار، 6 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

W
Web Desk
15 نومبر، 2026
امریکا میں فضائی بحران برقرار، 6 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

امریکا میں فضائی بحران کے باعث 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ اور 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ شکاگو، ڈیلاس، ہیوسٹن اور اٹلانٹا کے ایئرپورٹس شدید متاثر، اتوار تک معمولات بحال ہونے کی توقع

واشنگٹن: امریکا میں فضائی سفر کا بحران ہفتے کے روز بھی جاری رہا، فضائی حدود کھلنے اور پروازوں کی روانگی بحال ہونے کے باوجود ایئرلائنز معمول کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام رہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے۔

ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک سمیت امریکا کے بڑے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 7 ہزار 542 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ یہ تعداد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کی صبح کی پیش گوئی سے بھی زیادہ رہی، جنہوں نے دن بھر کی تقریباً 41 ہزار طے شدہ پروازوں میں سے 4 سے 5 ہزار کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

دنیا بھر میں مجموعی طور پر 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ جبکہ 19 ہزار 927 تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں بڑی تعداد امریکی فضائی آپریشنز سے منسلک پروازوں کی تھی۔

جیٹ بلیو کی پروازیں سب سے زیادہ متاثر

امریکا کی بڑی فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ ایئرلائنز اور ڈیلٹا ایئرلائنز نے بھی اپنے طے شدہ شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کردیں۔

متاثرہ مسافروں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ایئرلائنز نے بغیر اضافی فیس کے دوسری تاریخوں پر سفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شکاگو اور اٹلانٹا کے ایئرپورٹس پر صورتحال خراب

امریکا کے بڑے ہوائی اڈوں میں شکاگو کا اوہیئر ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی تھیں، جبکہ شکاگو مڈوے ایئرپورٹ پر بھی 68 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر، جو ڈیلٹا ایئرلائنز کا اہم مرکز ہے، دوپہر ساڑھے 12 بجے تک 479 پروازیں منسوخ کی جاچکی تھیں۔

ڈیلاس اور ہیوسٹن میں بھی ہزاروں مسافر پریشان

ٹیکساس کے ڈیلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صبح 9 بجے تک تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہوچکی تھیں۔ متعدد مسافروں کو رات ایئرپورٹ پر گزارنا پڑی، جبکہ ڈیلاس سے آگے دوسرے شہروں کے لیے پروازیں لینے والے مسافروں کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ایئرپورٹ پر شام تک 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ولیم پی ہیوبی ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔

اتوار تک معمولات بحال ہونے کی توقع

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ملک کی فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازوں کی روانگی محفوظ طریقے سے جاری ہے، تاہم مسافروں کو مزید منسوخیوں اور تاخیر کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ایئرلائنز کو طیاروں اور عملے کو دوبارہ مختلف ایئرپورٹس تک پہنچانے کے ساتھ متاثرہ مسافروں کی نئی بکنگ کے انتظامات میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام کو توقع ہے کہ اتوار کی رات تک فضائی کمپنیوں کا مکمل شیڈول بحال ہوجائے گا اور فضائی سفر کی صورتحال معمول پر آنا شروع ہوجائے گی۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 15 نومبر، 2026 کو 04:42 AM

آخری تدوین: 15 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین

امریکہ کی روس کو یورپ کے نئے دفاعی نظام میں شامل کرنے کی تجویز، یورپی ممالک میں تشویش کی لہر
تازہ ترین

امریکہ کی روس کو یورپ کے نئے دفاعی نظام میں شامل کرنے کی تجویز، یورپی ممالک میں تشویش کی لہر

ٹرمپ انتظامیہ نے یوکرین جنگ کے بعد یورپ کے نئے دفاعی اور سلامتی نظام میں روس کو شامل کرنے کی تجویز پیش کردی۔ یورپی ممالک، نیٹو اور یوکرین نے اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کردیا

Web Desk15 نومبر، 2026
امریکی مڈٹرم انتخابات میں مسلمان خاتون کی تاریخ ساز کامیابی، آرکیا ویڈ جمالوالدین نے میدان مار لیا
امریکا

امریکی مڈٹرم انتخابات میں مسلمان خاتون کی تاریخ ساز کامیابی، آرکیا ویڈ جمالوالدین نے میدان مار لیا

امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں مسلمان خاتون آرکیا ویڈ جمالوالدین کی تاریخی کامیابی۔ بالٹی مور کاؤنٹی کونسل ڈسٹرکٹ 9 سے 150 سے زائد ووٹوں کی برتری سے کامیاب، پہلی مسلمان خاتون کونسل ممبر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا

محمد نعیم اختر14 نومبر، 2026
پاکستان کا خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ پر زور، سعودی تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت
تازہ ترین

پاکستان کا خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ پر زور، سعودی تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب سید حیدر شاہ نے خلیجی ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ پر زور دے دیا۔ پاکستان نے سعودی عرب کی شہری تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے آبنائے ہرمز اور باب المندب میں محفوظ جہازرانی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے

Web Desk14 نومبر، 2026