پاکستان کا بھارت میں ہونے والے ایس سی او اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

پاکستان 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کرے گا۔ وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک پاکستان کی نمائندگی کریں گے
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک کو نامزد کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے ایس سی او کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کرے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے، جہاں تہذیبی مکالمے، ثقافتی ہم آہنگی اور مختلف تہذیبوں کے درمیان روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان باہمی احترام کے جذبے کے تحت ایس سی او کے پلیٹ فارم پر تہذیبوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
پاکستان کی جانب سے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ علاقائی تعاون اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے ایس سی او کے پلیٹ فارم پر مسلسل شمولیت کی پالیسی کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک علاقائی تنظیم ہے جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تعاون، روابط اور مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
شائع ہوا: 15 نومبر، 2026 کو 04:25 AM
آخری تدوین: 15 نومبر، 2026



