خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی پر پابندی، تمام لیز منسوخ کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف بڑا فیصلہ، گورنر فیصل کریم کنڈی نے تمام مائننگ سرگرمیاں فوری معطل اور لیز منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ ہر ماہ 90 کلو سونا نکالنے، رقم افغانستان منتقل ہونے، سیاستدانوں کی مبینہ سرپرستی اور جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق اہم انکشافات
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے اور مائننگ لیز منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ صوبے میں ہر ماہ تقریباً 90 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر نکالا جا رہا تھا، جبکہ اس کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔
گورنر کے مطابق غیر قانونی کان کنی میں متعدد سیاستدانوں اور بااثر افراد کی مبینہ سرپرستی سامنے آئی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے سابق جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے لیز ہولڈرز اور ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے میں بھاری مشینری ہٹانے کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے خبردار کیا کہ خلاف ورزی پر مشینری ضبط کرلی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے بعد پولیس پر حملے میں ایک ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید ہوئے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 11 حملہ آور ہلاک ہوئے۔
گورنر نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ غیر قانونی کان کنی اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
شائع ہوا: 14 نومبر، 2026 کو 02:40 PM
آخری تدوین: 14 نومبر، 2026



