وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

W
Web Desk
15 نومبر، 2026
اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت مختلف ممالک کے وفود شرکت کریں گے، علاقائی تجارت، توانائی اور ٹرانسپورٹ تعاون پر اہم مذاکرات ہوں گے

اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی خصوصی طور پر شرکت کریں گے، تاہم افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ غیر ملکی مہمانوں اور وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان پاکستان پہنچ چکے ہیں، جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی آج پاکستان پہنچیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسطی ایشیائی ممالک کے متعدد وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ایران، تاجکستان اور جمہوریہ شمالی قبرص کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے، جبکہ کرغزستان اور قازقستان کے نائب وزرائے خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔

ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کی نمائندگی بھی نائب وزیر خارجہ کریں گے۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین اس علاقائی تنظیم کا حصہ ہیں۔

اسحاق ڈار افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، جبکہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

اجلاس میں شریک رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی خطاب کریں گے اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پیش کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے غیر ملکی وزرا کی ملاقات متوقع

اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

اجلاس کے ایجنڈے میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مضبوط بنانے، علاقائی روابط کو وسعت دینے، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے میں تعاون، توانائی کے مشترکہ منصوبوں اور وسطی ایشیا کو عالمی تجارتی منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کرنے جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔

توقع ہے کہ اجلاس میں علاقائی اقتصادی تعاون کو عملی شکل دینے، تجارتی رکاوٹیں کم کرنے اور رکن ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 15 نومبر، 2026 کو 05:01 AM

آخری تدوین: 15 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین