پاکستان پُرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، افغان حکام پڑوسی ممالک کے سکیورٹی خدشات دور کریں: اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان پُرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، افغان حکام پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کریں
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کرنا ہوں گے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایسا افغانستان چاہتا ہے جو وسیع تر علاقائی تعاون کا حصہ بنے اور اپنے ساتھ ساتھ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن و استحکام سے رہے۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے میں بامعنی پیش رفت کے لیے افغانستان کی جانب سے پڑوسی ممالک کے سکیورٹی تحفظات کو سنجیدگی سے حل کرنا ضروری ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا اور محفوظ و مستحکم ماحول قائم کرنا علاقائی اقتصادی شراکت داریوں اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان مکالمے، کشیدگی میں کمی اور دیرپا علاقائی استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے تناظر میں علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے لیے پُرعزم ہے۔ تنظیم کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
ان کے مطابق خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون ای سی او کے بنیادی رہنما اصول ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث یہ خطہ غیرمعمولی جغرافیائی اہمیت کا حامل ہے، جہاں اہم تجارتی منڈیاں، وافر قدرتی وسائل اور تجارت کی مضبوط تاریخی بنیادیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کو اپنی جغرافیائی اہمیت کو مضبوط اقتصادی روابط، علاقائی تجارت اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں اور درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس مدت کو نتیجہ خیز، بامقصد اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
قبل ازیں اجلاس کے آغاز پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شریک ممالک کے مہمانوں اور وفود کے سربراہان کا استقبال کیا۔ مہمان وفود کی آمد کے بعد شرکاء نے یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
شائع ہوا: 16 نومبر، 2026 کو 06:23 AM
آخری تدوین: 16 نومبر، 2026



