کوئٹہ طیارہ حادثے میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی شرکت

کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب مشاق تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید افسران کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا
راولپنڈی: کوئٹہ میں مشاق تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دو افسران میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم، وزیر اطلاعات اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں فوجی افسران 12 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب مشاق تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم شہید افسران کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ شہید افسران کی جرات، فرض شناسی اور مادر وطن سے غیر متزلزل وابستگی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں شہید افسران کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
شائع ہوا: 13 اکتوبر، 2026 کو 02:32 PM
آخری تدوین: 13 اکتوبر، 2026



