امریکی عدالت نےگرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال 5 ماہ قید کی سزا
محمد نعیم اختر20 نومبر، 2026
امریکا میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو نیویارک کی عدالت نے 19 سال 5 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ نکھل گپتا پہلے ہی جرم کا اعتراف کر چکا تھا، جبکہ امریکی محکمہ انصاف نے 24 سال قید کی استدعا کی تھی۔ مقدمے میں مطلوب بھارتی شہری اور مبینہ را ایجنٹ وکاش یادو تاحال بھارت میں روپوش ہے
نیویارک: امریکا میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو امریکی عدالت نے 19 سال 5 ماہ قید کی سزا سنا دی۔
نیویارک کی عدالت میں نکھل گپتا کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں بھی اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت پہنچے۔ نکھل گپتا پہلے ہی اپنے خلاف عائد الزامات کا اعتراف کر چکا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے پراسیکیوٹرز نے عدالت سے نکھل گپتا کو 24 سال قید کی سزا دینے کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے اسے 19 سال 5 ماہ قید کی سزا سنائی۔
مقدمے میں ایک اور مطلوب ملزم بھارتی شہری وکاش یادو ہے، جس پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ ہونے کا الزام ہے۔ وکاش یادو تاحال بھارت میں روپوش ہے۔
عدالت میں سماعت کے موقع پر سکھ برادری کی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ عدالت کے باہر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ہتھکڑیوں میں جکڑے ہوئے پوسٹر بھی آویزاں کیے گئے۔

اس موقع پر عدالت کے باہر موجود سکھ مظاہرین نے خالصتان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 20 نومبر، 2026 کو 07:39 PM
آخری تدوین: 20 نومبر، 2026



