پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان حسن خان امریکی اسکواڈ میں شامل

پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان حسن خان کو یو اے ای اور نمیبیا کے خلاف آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی سہ فریقی سیریز کے لیے امریکی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ حسن خان 2018 انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرچکے ہیں
کراچی: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان حسن خان کو متحدہ عرب امارات اور نمیبیا کے خلاف جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی سہ فریقی سیریز کے لیے امریکی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔
2018 انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرنے کے بعد یہ حسن خان کا پہلا بین الاقوامی موقع ہوگا۔ اس وقت کی پاکستانی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور موسیٰ خان بھی شامل تھے، جو بعد میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
کراچی میں پیدا ہونے والے حسن خان نے 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ پاکستان سپر لیگ سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوگئے اور میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسسکو یونیکورنز کی نمائندگی کرتے ہوئے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
حسن خان نے گزشتہ تین میجر لیگ کرکٹ سیزنز میں 32 میچز کھیل کر 609 رنز بنائے جبکہ 24 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وہ بگ بیش لیگ اور کیریبین پریمیئر لیگ سمیت مختلف فرنچائز لیگز میں بھی کھیل چکے ہیں۔
2026 میں حسن خان نے حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں واپسی کی اور ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 8 اننگز میں 139 رنز بنانے کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کیں۔
حسن خان کی امریکی اسکواڈ میں شمولیت ان کے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، جہاں وہ پہلی بار امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔
شائع ہوا: 8 اکتوبر، 2026 کو 05:44 AM
آخری تدوین: 8 اکتوبر، 2026



