نئے صوبوں پر ریفرنڈم کرالیں، عوام نہیں چاہتے تو صوبے نہ بنائیں، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کرانے کی تجویز دے دی۔ کہتے ہیں عوام نہیں چاہتے تو صوبے نہ بنائیں، بلاول بھٹو سے سیاسی ری سیٹ پر اتفاق ہے، عمران خان کو قانونی حقوق ملیں گے
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام نئے صوبوں کا قیام نہیں چاہتے تو انہیں نہیں بنانا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے حوالے سے عوامی سروے کا جائزہ لیں، کیونکہ سروے نئے صوبوں کے حق میں سامنے آ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت پر بات کی ہے۔ ان کی ذاتی رائے بھی یہی ہے کہ تمام چیزوں کو ری سیٹ ہونا چاہیے۔ محسن نقوی کے مطابق ان کی اور بلاول بھٹو کی رائے ایک جیسی ہے اور پورا نظام درست ہونے والا ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ مولانا کے 6 سے 7 ساتھیوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، تاہم مولانا فضل الرحمان کو کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔
ملک میں کرپشن کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ پاکستان میں کرپشن نہیں ہے تو معذرت کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ جہاں کرپشن موجود ہے، اسے تسلیم کرکے اس کی اصلاح کرنا ہوگی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ عمران خان کو ان کے تمام قانونی حقوق فراہم کیے جائیں گے۔
شائع ہوا: 12 نومبر، 2026 کو 03:42 PM
آخری تدوین: 12 نومبر، 2026



