وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

’اپنے رنگ کی وجہ سے کپتان نہ بن سکا‘، عثمان خواجہ کے دعوے پر پیٹ کمنز کا سخت ردعمل

W
Web Desk
13 نومبر، 2026
’اپنے رنگ کی وجہ سے کپتان نہ بن سکا‘، عثمان خواجہ کے دعوے پر پیٹ کمنز کا سخت ردعمل

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے نسل پرستی اور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق الزامات مسترد کر دیے۔ سابق کپتان ڈیوڈ وارنر نے خواجہ کی حمایت کردی۔

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے سابق اوپنر عثمان خواجہ کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ ان کے نسلی پس منظر اور جلد کی رنگت کے باعث انہیں قومی ٹیم کا کپتان نہیں بنایا گیا۔

پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کی خودنوشت ’صبر‘ میں کیے گئے متعدد دعوؤں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان الزامات سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کے مطابق یہ وہ عثمان خواجہ نہیں جنہیں وہ جانتے ہیں اور جنہوں نے گزشتہ 8 برس کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں پوری ٹیم کے ملوث ہونے کا دعویٰ مسترد

عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں 2018 کے جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اس منصوبے کا علم تھا۔

اس پر پیٹ کمنز نے کہا کہ اگر عثمان خواجہ کا مطلب یہ ہے کہ پوری ٹیم کو معلوم تھا کہ کھلاڑی میدان میں سینڈ پیپر لے کر جارہے ہیں تو یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گیند کی حالت غیرقانونی طریقے سے تبدیل کرنے کے لیے نہ کوئی اجتماعی منصوبہ بنایا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے ٹیم کی کوئی میٹنگ ہوئی تھی۔

پیٹ کمنز نے مزید کہا کہ انہوں نے گزشتہ 8 برس سے اس معاملے پر اپنا مؤقف برقرار رکھا ہے اور اصل تحقیقات میں بھی مکمل تعاون کیا تھا۔

نسل پرستی کے الزام کو سنگین قرار دے دیا

سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران پیٹ کمنز نے کہا کہ ان کی نظر میں عثمان خواجہ کا یہ الزام کہ نسلی پس منظر کی وجہ سے انہیں آسٹریلیا کی قیادت کا موقع نہیں ملا، سب سے زیادہ سنگین ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس بات سے بالکل اتفاق نہیں کرتے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا کپتان بننے کے لیے کسی مخصوص رنگت کا ہونا ضروری ہے۔

کمنز نے عثمان خواجہ کے اس دعوے پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ انہوں نے کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تھا۔

کیا تھا 2018 کا سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل؟

مارچ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران ٹی وی کیمروں نے آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا تھا۔

اس واقعے کو کرکٹ کی تاریخ میں ’سینڈ پیپر گیٹ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 12، 12 ماہ جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کردی تھی۔

تحقیقات میں ان تین کھلاڑیوں کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

ڈیوڈ وارنر عثمان خواجہ کی حمایت میں سامنے آگئے

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے مؤقف کی حمایت کردی ہے۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ سے قبل ٹی وی کمنٹری کے دوران ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ وہ عثمان خواجہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی کتاب میں بیان کی گئی باتیں درست ہیں۔

وارنر نے پیٹ کمنز کے ردعمل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عثمان خواجہ کے لیے افسوس ہے اور موجودہ کپتان نے اپنے سابق ساتھی کو تنقید کا نشانہ بنا کر ان کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے اسکینڈل کے ذاتی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس تنازع کے بعد ان کی اہلیہ کینڈس کا حمل ضائع ہوگیا تھا۔

عثمان خواجہ کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کریں گے، کمنز

پیٹ کمنز نے کہا کہ عثمان خواجہ ان کے دوست ہیں اور انہیں اپنے تجربات بیان کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، تاہم خودنوشت میں لگائے گئے بعض الزامات سابق ساتھی کھلاڑیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

ان کے مطابق انہیں رواں ہفتے قانونی مشورہ دیا گیا تھا کہ کتاب میں لگائے گئے بعض الزامات ہتکِ عزت کے زمرے میں آسکتے ہیں، لیکن وہ عثمان خواجہ کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کریں گے۔

تقریباً 68 منٹ تک جاری رہنے والی پریس کانفرنس میں کمنز نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ کو آٹھ سال پرانے واقعے سے آگے بڑھنا چاہیے اور اب اس معاملے پر لکیر کھینچنے کا وقت آگیا ہے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کی قیادت نے بھی 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی تحقیقات دوبارہ کھولنے کا امکان مسترد کردیا ہے۔ یوں عثمان خواجہ کی خودنوشت کی اشاعت کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں پرانا تنازع ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 13 نومبر، 2026 کو 06:08 AM

آخری تدوین: 13 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین

پاکستان کا خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ پر زور، سعودی تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت
تازہ ترین

پاکستان کا خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ پر زور، سعودی تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب سید حیدر شاہ نے خلیجی ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ پر زور دے دیا۔ پاکستان نے سعودی عرب کی شہری تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے آبنائے ہرمز اور باب المندب میں محفوظ جہازرانی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے

Web Desk14 نومبر، 2026
قطر اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سمیت پانچ اہم معاہدوں پر دستخط
تازہ ترین

قطر اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سمیت پانچ اہم معاہدوں پر دستخط

قطر اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سمیت پانچ معاہدوں اور مفاہمتی دستاویزات پر دستخط ہوگئے۔ استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردگان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی

Web Desk14 نومبر، 2026
پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے: فیلڈ مارشل
پاکستان

پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہےکہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔

Web Desk14 نومبر، 2026