وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
امریکا

امریکا میں فضائی بحران کے بعد آپریشنز بحال ہونا شروع، 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر

W
Web Desk
14 نومبر، 2026
امریکا میں فضائی بحران کے بعد آپریشنز بحال ہونا شروع، 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر

امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث شدید متاثر ہونے والا فضائی آپریشن بحال ہونا شروع ہوگیا۔ ایف اے اے نے ملک بھر میں گراؤنڈ اسٹاپ ختم کردیا، تاہم 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر، ہزاروں پروازیں منسوخ اور 15 لاکھ مسافر مشکلات کا شکار ہوئے۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کا فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے 50 ارب ڈالر کی ہنگامی فنڈنگ کا مطالبہ

واشنگٹن: امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث شدید متاثر ہونے والا فضائی آپریشن بحال ہونا شروع ہوگیا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پروازوں کا نظام مکمل طور پر معمول پر آنے میں ابھی کافی وقت لگ سکتا ہے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ملک بھر میں گراؤنڈ اسٹاپ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فضائی آپریشنز کی مرحلہ وار بحالی شروع کردی ہے۔ فضائی نظام میں خرابی کے باعث ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی حکام کے مطابق اس واقعے کا مائیکروسافٹ کی سروسز سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی سائبر حملے کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔ سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ صورتحال درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور گراؤنڈ اسٹاپ کے دوران تمام ٹیلی کام اور ریڈار سروسز مکمل طور پر معطل نہیں ہوئیں۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق ڈیٹا کے حد سے زیادہ دباؤ کے باعث سوئچز اور راؤٹرز بند ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں فضائی ٹریفک کنٹرول کا نظام متاثر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے اب 50 ارب ڈالر درکار ہیں اور جمعے کو پیدا ہونے والی صورتحال سے مکمل طور پر نکلنے میں وقت لگے گا۔

کانگریس سے 50 ارب ڈالر کی ہنگامی فنڈنگ کا مطالبہ

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے فضائی نظام کو جدید بنانے اور بحال کرنے کے لیے کانگریس سے ہنگامی فنڈنگ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ غیر مستحکم مواصلاتی نظام کے باعث حکام کو فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم بند کرنا پڑا۔ نظام مکمل طور پر بحال ہونے تک ہزاروں مسافروں کو ایئرپورٹس پر رات گزارنا پڑ سکتی ہے جبکہ پروازوں کی آمد و رفت معمول پر آنے میں مزید وقت لگے گا۔

13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر، لاکھوں مسافر پریشان

اس سے قبل امریکی ایوی ایشن حکام نے تکنیکی خرابی کے باعث ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روکنے کا اعلان کیا تھا۔

ایف اے اے کے مطابق تکنیکی خرابی سے ریڈار اور ایئر ٹریفک کنٹرول کی صلاحیت متاثر ہوئی جبکہ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ اس خرابی سے 22 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز متاثر ہوئے۔ ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں فضائی آپریشن معطل ہونے سے ایشیا، یورپ اور کینیڈا سمیت دنیا بھر میں 26 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، تین ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ تقریباً 15 لاکھ مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے بھی معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

سائبر حملے اور اے آئی کا امکان زیرِ غور

ہوم لینڈ سکیورٹی چیف مارک وین مولن نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام پروازوں کا ریکارڈ موجود ہے اور ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی خرابی کے باعث پروازیں روکنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ نائن الیون جیسا کوئی واقعہ نہیں اور گراؤنڈ اسٹاپ کسی سکیورٹی خطرے کے پیش نظر نہیں لگایا گیا۔

تاہم انہوں نے فضائی نظام میں خرابی کے حوالے سے مصنوعی ذہانت اور سائبر حملے کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا تھا۔

دوسری جانب امریکی ٹی وی رپورٹس کے مطابق فضائی نظام کی خرابی کے دوران ریڈیو فریکوئنسیز بھی متاثر ہوئیں جبکہ وال اسٹریٹ جرنل نے بھی ملک بھر میں 13 ہزار سے زائد پروازوں کے متاثر ہونے کی رپورٹ دی تھی۔

یورپ سے امریکا جانے والی پروازیں بھی متاثر

یوروکنٹرول کے مطابق امریکی فضائی نظام میں خرابی کے باعث یورپ سے امریکا جانے والی پروازیں بھی عارضی طور پر معطل کردی گئی تھیں۔

ادھر مائیکروسافٹ نے واضح کیا کہ فضائی نظام کی خرابی کا اس کی سروسز سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ پروازوں کے بحران کی وجہ سائبر حملہ یا مصنوعی ذہانت معلوم نہیں ہوتی۔

اس دوران امریکی محکمہ موسمیات کو بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث اس کی ویب سائٹس پر موسمی معلومات تک رسائی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تکنیکی ماہرین مسئلہ حل کرنے میں مصروف ہیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 14 نومبر، 2026 کو 04:56 AM

آخری تدوین: 14 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین

پاکستان کا خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ پر زور، سعودی تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت
تازہ ترین

پاکستان کا خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ پر زور، سعودی تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب سید حیدر شاہ نے خلیجی ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ پر زور دے دیا۔ پاکستان نے سعودی عرب کی شہری تنصیبات اور تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے آبنائے ہرمز اور باب المندب میں محفوظ جہازرانی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے

Web Desk14 نومبر، 2026
ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی آئندہ ہفتے چین میں اہم ملاقات متوقع
تازہ ترین

ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی آئندہ ہفتے چین میں اہم ملاقات متوقع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی آئندہ ہفتے چین کے شہر شینزین میں ایپیک سمٹ کے موقع پر سہ فریقی ملاقات متوقع ہے۔ اجلاس میں ایران جنگ، امریکا چین تعلقات، روس امریکا جوہری معاہدے اور مستقبل کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق لائحہ عمل پر بات چیت متوقع ہے۔

Web Desk14 نومبر، 2026
ایران جنگ جیتنے کا دعویٰ، ٹرمپ کی فوجی کارروائی کی نئی دھمکی
تازہ ترین

ایران جنگ جیتنے کا دعویٰ، ٹرمپ کی فوجی کارروائی کی نئی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف جنگ جیتنے کے مراحل میں ہے اور وہ جب چاہیں ایران کو شکست دے سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کی دھمکی بھی دے دی

Web Desk13 نومبر، 2026