ایران جنگ جیتنے کا دعویٰ، ٹرمپ کی فوجی کارروائی کی نئی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف جنگ جیتنے کے مراحل میں ہے اور وہ جب چاہیں ایران کو شکست دے سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کی دھمکی بھی دے دی
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف جنگ جیتنے کے مراحل میں ہے اور وہ جب چاہیں ایران کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی کارروائیوں نے ایران کو مکمل طور پر بے اثر کر دیا ہے۔
امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، ملک میں مہنگائی 301 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایرانی فوجیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کا عندیہ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف طاقت استعمال کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر امریکہ فوری طور پر فوجی کارروائی کرسکتا ہے۔ ٹرمپ نے وینزویلا میں امریکی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خلیج پر بھی امریکہ کا کنٹرول ہے۔
کیوبا کے خلاف فوجی کارروائی پر غور
انٹرویو کے دوران امریکی صدر نے کیوبا کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کیا اور کہا کہ وہ کیوبا کے خلاف مختصر فوجی کارروائی پر غور کرسکتے ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق وہ اپنی صدارت ختم ہونے سے پہلے کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں۔
اسرائیل میں 99 فیصد مقبولیت کا دعویٰ
امریکی صدر نے ایک غیر معمولی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل جا کر وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں، کیونکہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارت کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ صدارت کے اگلے دو سال بھی اچھے گزریں گے۔
ٹرمپ کے ان بیانات کو ایران، کیوبا اور مشرقِ وسطیٰ سے متعلق امریکی پالیسی میں سخت مؤقف کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ان کے جنگی کامیابی، ایران کی معاشی صورتحال اور اسرائیل میں مقبولیت سے متعلق دعوؤں کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔
شائع ہوا: 13 نومبر، 2026 کو 05:25 AM
آخری تدوین: 13 نومبر، 2026



