قطر اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سمیت پانچ اہم معاہدوں پر دستخط

قطر اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون سمیت پانچ معاہدوں اور مفاہمتی دستاویزات پر دستخط ہوگئے۔ استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردگان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی
استنبول: قطر اور ترکیہ نے دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پانچ معاہدوں اور مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کردیے۔
ترک صدر رجب طیب اردگان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان استنبول میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تعلیم، امن و مصالحت اور صارفین کے تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے اس موقع پر کہا کہ قطر اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا باہمی دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔
ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے مطابق سپریم اسٹریٹجک کمیٹی کے 12ویں اجلاس کے موقع پر پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کیے گئے، جن میں قطر اور ترکیہ کے درمیان باہمی دفاعی معاہدہ بھی شامل ہے۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تعلیم کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔
اس کے علاوہ امن و مصالحت اور تنازعات کے حل سے متعلق مفاہمتی یادداشت جبکہ صارفین کے تحفظ اور مارکیٹ کی نگرانی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت طے پائی۔
قطر اور ترکیہ کے درمیان ان معاہدوں کو دفاعی اور سفارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
شائع ہوا: 14 نومبر، 2026 کو 05:08 AM
آخری تدوین: 14 نومبر، 2026



