وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

سمندری طوفان سائمن کی شدت میں اضافہ، میکسیکو کے 28 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ

W
Web Desk
12 اکتوبر، 2026
سمندری طوفان سائمن کی شدت میں اضافہ، میکسیکو کے 28 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ

سمندری طوفان سائمن کیٹیگری 4 میں داخل ہوگیا، میکسیکو کے 28 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ساحلی علاقوں میں امدادی ٹیمیں تعینات، شدید ہواؤں، طوفانی بارشوں اور سیلاب کا خدشہ ہے

ویب ڈیسک: سمندری طوفان سائمن کی شدت میں اضافے کے بعد میکسیکو کے 28 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ ممکنہ تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے فوجی اہلکاروں، امدادی کارکنوں اور شہری تحفظ کی ٹیموں کو متاثرہ ساحلی علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سمندری طوفان سائمن کیٹیگری 4 میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث میکسیکو کے مغربی وسطی ساحلی علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان کے نتیجے میں 230 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ طوفان میکسیکو کے مغربی وسطی ساحل کے قریب پہنچ رہا ہے، جبکہ ساحل سے ٹکرانے کی صورت میں سمندر میں انتہائی بلند اور خطرناک لہریں اٹھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

طوفانی موسم کے اثرات مختلف علاقوں میں سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جہاں بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں زیر آب آگئیں، جبکہ بعض مقامات پر پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔

حکام کے مطابق پیر کے روز مزید شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر امدادی اداروں اور شہری تحفظ کی ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں فوجی اہلکاروں اور امدادی کارکنوں کی تعیناتی کا مقصد شہریوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

حکام کو خدشہ ہے کہ شدید ہوائیں، طوفانی بارشیں، سیلابی صورتحال اور سمندری لہریں ساحلی آبادیوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور حفاظتی اقدامات کو ترجیح دیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 12 اکتوبر، 2026 کو 06:27 AM

آخری تدوین: 12 اکتوبر، 2026

متعلقہ مضامین