امام الحق اور محمد رضوان ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر، فٹنس رپورٹس جمع نہ کرانے پر ایکشن


امام الحق اور محمد رضوان فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع نہ کرانے کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہوگئے۔ پی سی بی قواعد، دونوں کھلاڑیوں کے خلاف انکوائری اور سینٹرل کنٹریکٹ کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان کو فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع نہ کرانے پر ڈومیسٹک کرکٹ کے پہلے راؤنڈ سے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ نہ دینے کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے پہلے راؤنڈ میں اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قواعد کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کی فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع کرانا لازمی ہے، تاہم دونوں کھلاڑیوں کے محکموں کی جانب سے رپورٹس پی سی بی کو موصول نہیں ہوئیں۔
پریزیڈنٹ ٹرافی کا آغاز کل سے راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور پشاور میں ہوگا۔ امام الحق کو او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پی ٹی وی کے خلاف میچ میں کپتانی کرنا تھی، جبکہ شان مسعود کی عدم موجودگی میں محمد رضوان کو سوئی گیس کی قیادت سنبھالنی تھی۔
ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر ہونے کے بعد ان کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ پی سی بی نے تمام کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں کم از کم پانچ میچز کھیلنا لازمی قرار دے رکھا ہے، جس کے باعث امام الحق اور محمد رضوان کے سینٹرل کنٹریکٹس برقرار رکھنے پر بھی سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔

شائع ہوا: 11 ستمبر، 2026 کو 12:12 PM
آخری تدوین: 11 ستمبر، 2026



