اسحاق ڈار کی نیویارک میں اہم ملاقاتیں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد پر زور

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر مصر اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ، ایران کی صورتحال اور علاقائی چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرکاری و سفارتی پاسپورٹ پر ویزا شرط ختم کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے
نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں مشرق وسطیٰ، ایران کی صورتحال اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرکاری، خصوصی اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا شرط ختم کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔
پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور ایران کی موجودہ صورتحال سمیت علاقائی چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب ترک وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان، ترکیہ، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کے تعاون اجلاس کی تصاویر جاری کیں۔
اس کے علاوہ ترکیہ، سعودی عرب، پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کا چھٹا اجلاس بھی نیویارک میں منعقد ہوا، جس میں باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شائع ہوا: 22 ستمبر، 2026 کو 05:34 AM
آخری تدوین: 22 ستمبر، 2026



