اقبال آفریدی کا دعویٰ: عمران خان نے آخری ملاقات میں کہا پارٹی میری بات نہیں مان رہی

پی ٹی آئی رہنما اقبال آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں آخری ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا تھا کہ پارٹی ان کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ہونے والی آخری ملاقات کے دوران ان سے کہا تھا کہ پارٹی ان کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہی۔
پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اقبال آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے ان سے ملاقات کے دوران کہا، "اقبال، پارٹی میری بات نہیں مان رہی، یہ بات میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں۔"
اقبال آفریدی کے مطابق انہوں نے اس موقع پر عمران خان سے کہا کہ "ایم کیو ایم کا ایک نعرہ تھا کہ جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے، آج میں بھی کہتا ہوں کہ جو عمران کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملاقات کے بعد انہیں دوبارہ عمران خان سے ملاقات کا موقع نہیں ملا۔ اقبال آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر دوسری ملاقات میں عمران خان کسی ایسے شخص کا نام بتاتے جو ان کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہا، تو وہ اس کے خلاف سخت کارروائی کرتے۔
اپنے بیان میں اقبال آفریدی نے مزید کہا کہ وہ ہر بار عمران خان سے ملاقات کے لیے درخواست دیتے ہیں اور اگر آئندہ ملاقات میں عمران خان نے انہیں ایسے افراد کے نام بتائے جو ان کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہے تو وہ انہیں "نہیں چھوڑیں گے"۔
اقبال آفریدی کے اس بیان پر تاحال پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت یا دیگر متعلقہ رہنماؤں کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 25 جولائی، 2026 کو 11:28 AM
آخری تدوین: 25 جولائی، 2026



