امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کے 100 طیارے تباہ ہوئے: ایرانی وزیر

ایران کی وزیر برائے مواصلات فرازانے صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کے 100 طیارے تباہ ہوئے۔ ایرانی وزیر کے مطابق حملوں میں ہوائی اڈوں کے ساتھ بجلی اور پانی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔ فرازانے صادق نے کہا کہ جنگ کے دوران 8 طیاروں سے حج پروازیں جاری رہیں جبکہ ریل، سڑکوں اور بندرگاہوں کے ذریعے ٹرانسپورٹیشن بھی برقرار رہی
تہران: ایران کی وزیر برائے مواصلات فرازانے صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے دوران ایران کے 100 طیارے تباہ ہوئے، جبکہ ملک کے مواصلاتی اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرازانے صادق نے کہا کہ حملوں میں دشمن نے صرف ہوائی اڈوں کو ہی نشانہ نہیں بنایا بلکہ بجلی اور پانی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا، جس کے باعث مواصلاتی انفراسٹرکچر متاثر ہوا۔
ایرانی وزیر کے مطابق 100 طیارے تباہ ہونے کے باوجود ایران نے 8 طیاروں کی مدد سے حج پروازوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران بھی ریل، سڑکوں اور بندرگاہوں کے ذریعے ٹرانسپورٹیشن کا نظام فعال رہا۔
فرازانے صادق نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کے 25 صوبوں کے 400 شہروں کو بمباری کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تقریباً ایک لاکھ کمرشل اور رہائشی یونٹس متاثر ہوئے۔
ایرانی وزیر نے کہا کہ حکومت مواصلات اور دیگر متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ شہریوں کو سہولیات جلد از جلد بحال کی جا سکیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 18 اگست، 2026 کو 06:01 AM
آخری تدوین: 18 اگست، 2026



