ایران دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا، جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں مگر ضمانت ضروری ہے: اسماعیل بقائی

ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی ڈیڈ لائن یا دباؤ کے باعث اپنے وطن کے دفاع سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا، تاہم مسلط کردہ جنگ کے خاتمے کا خواہاں ہے لیکن اس بات کی ضمانت بھی چاہتا ہے کہ دشمن دوبارہ حملہ نہ کرے۔
(تہران) پریس بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کی اولین ترجیح امن ہے مگر یہ امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک دشمن کو دوبارہ جارحیت سے روکا نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران دشمن کے خلاف اپنی تمام صلاحیتیں اور وسائل استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران دشمن کو مجبور کرے گا کہ وہ اپنے اقدامات پر پچھتائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ کارروائی امریکا کے لیے ایک تباہ کن رسوائی ثابت ہوئی اور امریکا کو سبق مل گیا ہوگا کہ ایران کی خودمختاری کے معاملے پر تمام ایرانی متحد ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے بہادر خانہ بدوش اور قبائل نے بھی ملکی دفاع میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اسماعیل بقائی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران ہر حال میں اپنی قومی خودمختاری، وقار اور سرحدوں کا دفاع جاری رکھے گا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 6 اپریل، 2026 کو 01:26 PM
آخری تدوین: 6 اپریل، 2026



