پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ٹریلر جاری،

فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، ہانیہ عامر اور حمزہ علی عباسی سمیت بڑے ستارے ایک ساتھ جلوہ گر، فرحت اشتیاق کے مقبول ناول پر مبنی سیریز 4 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی
کراچی: پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جسے پاکستانی اور بھارتی مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
محبت، دھوکے، رشتوں اور جذباتی اتار چڑھاؤ پر مبنی اس سیریز کے ٹریلر میں پاکستانی شوبز کے نامور فنکار مختلف اور منفرد کرداروں میں دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹریلر میں فواد خان اور صنم سعید کی جوڑی اور ان کے درمیان محبت کی جھلک نے مداحوں کی خصوصی توجہ حاصل کرلی ہے، جبکہ ماہرہ خان ایک بے باک اور منفرد کردار میں نظر آرہی ہیں۔
سیریز کی ایک اور خاص بات مقبول ڈرامہ ’من مائل‘ کی جوڑی مایا علی اور حمزہ علی عباسی کی دوبارہ اسکرین پر واپسی ہے، جنہیں ایک ساتھ دیکھنے کے لیے مداح پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ہانیہ عامر منفی کردار میں نظر آئیں گی، جبکہ اقرا عزیز اور احد رضا میر بھی سیریز کی اہم کاسٹ کا حصہ ہیں۔
ٹریلر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے سیریز کی اسٹار کاسٹ، کہانی، اداکاری اور پروڈکشن کو سراہا جا رہا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کی اتنی بڑی اسٹار کاسٹ کو عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر ایک ساتھ دیکھنا دلچسپ تجربہ ہوگا۔
واضح رہے کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ معروف پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے مشہور ناول پر مبنی ہے، جس کی ہدایت کاری مومنہ درید نے کی ہے۔
سیریز 4 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی، جس کے بعد پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے فنکاروں کو عالمی سطح پر ایک بڑے پلیٹ فارم پر دیکھنے کا موقع ملے گا۔
شائع ہوا: 25 نومبر، 2026 کو 09:51 AM
آخری تدوین: 25 نومبر، 2026



