واشنگٹن میں یومِ سیاہ کشمیر، رضوان سعید شیخ کا عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن میں یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب میں سفیر رضوان سعید شیخ نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت دہرائی اور عالمی برادری سے مسئلے کے حل کی اپیل کی
واشنگٹن ڈی سی: سفارت خانہ پاکستان میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی تسلط، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو اجاگر کیا گیا۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی قومی شناخت اور وقار کا حصہ ہے اور تاریخ، قانون، مذہب، جغرافیہ اور آبادیاتی حقائق اس تنازعے میں پاکستان کے مؤقف کی اہمیت واضح کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج کی جموں و کشمیر میں مداخلت تاریخ کا المناک باب ہے، جس کے اثرات آج بھی علاقائی امن سے جڑے ہوئے ہیں۔

سفیر پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

تقریب میں صدر پاکستان، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر علی رضا عنار، ذوالفقار علی کاظمی اور مواحد حسین شاہ سمیت دیگر مقررین نے مسئلہ کشمیر کے تاریخی، قانونی اور سیاسی پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔
شائع ہوا: 28 اکتوبر، 2026 کو 06:56 AM
آخری تدوین: 28 اکتوبر، 2026



