خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں 16 اور 17 نومبر کو سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے
راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیاں جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں 16 اور 17 نومبر کو کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بنوں میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید 6 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح ضلع ٹانک میں ایک اور جھڑپ کے دوران ایک خارجی کو ہلاک کردیا گیا۔ کارروائیوں کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ہلاک دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز کو مختلف سرگرمیوں میں مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ دہشت گردوں کے باقی ماندہ نیٹ ورک کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں جنوبی وزیرستان میں 15، بنوں میں 6 اور ٹانک میں ایک دہشت گرد شامل ہے۔
شائع ہوا: 19 نومبر، 2026 کو 05:42 AM
آخری تدوین: 19 نومبر، 2026



