وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی علی امین گنڈاپور سے ملاقات، اہم پیش رفت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی علی امین گنڈاپور کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔ بعد ازاں دونوں نے درازندہ خودکش حملے کے زخمیوں کی اسپتال میں عیادت کی
اسی موضوع سے پڑھیں
پشاور :خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی رہائش گاہ پہنچ گئے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ دونوں کے درمیان مبینہ سیاسی رنجش کی اطلاعات کے باوجود سہیل آفریدی کی آمد اور ملاقات اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔
علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل کے مطابق سہیل آفریدی جب رہائش گاہ پہنچے تو علی امین گنڈاپور نے خود ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنما درازندہ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے کے زخمیوں کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچے۔ انہوں نے زیر علاج زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
سہیل آفریدی اور علی امین گنڈاپور نے ڈاکٹروں سے زخمیوں کی صحت اور انہیں فراہم کیے جانے والے علاج کے بارے میں بھی بریفنگ لی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کچھ دیر بعد علی امین گنڈاپور کی رہائش گاہ پر اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
شائع ہوا: 27 ستمبر، 2026 کو 10:23 AM
آخری تدوین: 27 ستمبر، 2026



