وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

پنجاب میں صرف میرٹ کی حکمرانی، خواتین کے تحفظ کیلئے پنک بٹن فعال کر دیے ہیں: مریم نواز

W
Web Desk
27 نومبر، 2026
پنجاب میں صرف میرٹ کی حکمرانی، خواتین کے تحفظ کیلئے پنک بٹن فعال کر دیے ہیں: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چکوال یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں میرٹ کی حکمرانی ہے، خواتین کے تحفظ کیلئے پنک بٹن فعال کر دیے گئے ہیں جبکہ طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ، اسکالرشپس اور جدید ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں

چکوال: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب صرف میرٹ کی حکمرانی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ کوئی بھی قابل اور محنتی طالب علم وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کیلئے پنک بٹن فعال کرنے اور ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کیلئے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا۔

چکوال یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے بچوں کی محنت کا بھرپور صلہ دیتا ہے۔ کسی بھی حکومت کیلئے یہ شرم کا مقام ہے کہ قابل بچے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرسکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کسی حکومت کا احسان نہیں بلکہ طلبہ کی محنت اور قابلیت کا اعتراف ہیں۔ چکوال میں دو جدید اسکول آف ایمیننس تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ شہر کی ترقی کیلئے پہلے سے زیادہ محنت سے کام کریں گی۔

خیبرپختونخوا کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ اسکیم میں شامل کرلیا

مریم نواز نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم میں خیبرپختونخوا کے طلبہ کا حصہ بھی رکھا گیا ہے، قابلیت کی حوصلہ افزائی کیلئے کسی صوبے کی کوئی حد بندی نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کیلئے بڑی نعمت ہیں اور ان کی بھرپور کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب صرف ڈگری حاصل کرنے کا دور نہیں رہا بلکہ موجودہ زمانہ جدید مہارتوں اور اسکلز کا ہے، نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ضروری ہے۔

خواتین کے تحفظ کیلئے پنک بٹن اور سیفٹی ایپ فعال

خواتین کے حقوق اور تحفظ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ موجودہ دور ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ترقی اور خودمختاری کا دور ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ تمام خواتین کو گھر اور باہر محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کیلئے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ ہراسانی کا سامنا کرنے والی بچیوں کے تحفظ کیلئے پنک بٹن بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب کوئی ظلم کے خلاف مریم نواز کو یاد کرتا ہے تو انہیں محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنا فرض ادا کردیا ہے۔

بچیوں کیلئے پنک اور بچوں کیلئے بلیک اسکوٹیز لانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور جیسی جدید گرین بسیں اور بس اسٹینڈز پنجاب کے تمام اضلاع میں بنائے گئے ہیں۔ ان کے دل میں چھوٹے شہروں کیلئے زیادہ جگہ ہے کیونکہ یہ شہر ماضی میں بنیادی سہولیات سے محروم رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے 15 گرین بسیں پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید بسیں بھی جلد شامل کی جائیں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ رانا سکندر کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ یونیورسٹی کیلئے پنک بس کل ہی لائی جائے۔ یہ جدید بسیں وائی فائی کی سہولت سے آراستہ اور مکمل محفوظ ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ طالبات کیلئے پنک جبکہ طلبہ کیلئے بلیک اسکوٹیز لائی جا رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتیاں سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔

چکوال میں دل کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت ملے گی

صحت کی سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے شہروں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو علاج کیلئے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا۔

تاہم اب چکوال میں کسی شخص کو دل کا عارضہ لاحق ہونے کی صورت میں اسی شہر میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ شہریوں کو علاج کیلئے دور دراز علاقوں کا سفر نہ کرنا پڑے اور انہیں اپنے شہر میں ہی جدید طبی سہولیات میسر ہوں۔

اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر

مریم نواز نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اس پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد سے ملاقات کیلئے ملتان گئیں تو اسٹیڈیم میں 25 ہزار سے زائد مستحقین کو جمع کرنا پڑا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہوچکے ہیں، جس سے مستحق خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔

چکوال کی ترقی میں خواتین کا کردار قابلِ تحسین ہے

وزیراعلیٰ پنجاب نے چکوال کی ضلعی انتظامیہ میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چکوال کی ڈپٹی کمشنر ایک خاتون ہیں اور حکومت کو ان کی کارکردگی پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین شہر کی ترقی اور انتظامی امور میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

حکومت اور اقتدار مستقل نہیں، آنے جانے والی چیزیں ہیں: مریم نواز

اپنے خطاب کے اختتام پر مریم نواز نے کہا کہ ان کی حکومت کو ابھی صرف ایک ہزار دن ہوئے ہیں۔ حکومت اور اقتدار مستقل چیزیں نہیں بلکہ آنے جانے والی چیزیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سب سے نازک ذمہ داری ہے جو ہاتھوں سے ریت کی طرح پھسلتی ہے، اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق حکمرانی ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اسے عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 27 نومبر، 2026 کو 10:22 AM

آخری تدوین: 27 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین

امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے سفارتی رابطے جاری، ایران مذاکرات کے لیے تیار
تازہ ترین

امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے سفارتی رابطے جاری، ایران مذاکرات کے لیے تیار

امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم حملے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔ عباس عراقچی نے بھی پاکستان اور قطر کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی تجاویز موصول ہونے کی تصدیق کی ہے

Web Desk28 نومبر، 2026
واشنگٹن ایئرپورٹ پر دو بوئنگ 737 طیارے ٹیکسی کے دوران آپس میں ٹکرا گئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
امریکا

واشنگٹن ایئرپورٹ پر دو بوئنگ 737 طیارے ٹیکسی کے دوران آپس میں ٹکرا گئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر ٹیکسی کے دوران امریکن ایئرلائنز کے دو بوئنگ 737 طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تحقیقات شروع کر دیں

Web Desk28 نومبر، 2026
کرکٹ آسٹریلیا کا 2018ء دورہ جنوبی افریقہ تنازع کی تحقیقات کیلئے آزاد فورم قائم کرنے کا فیصلہ
تازہ ترین

کرکٹ آسٹریلیا کا 2018ء دورہ جنوبی افریقہ تنازع کی تحقیقات کیلئے آزاد فورم قائم کرنے کا فیصلہ

کرکٹ آسٹریلیا نے 2018ء کے دورہ جنوبی افریقہ کے تنازع کا ازسرنو جائزہ لینے کیلئے آزاد فورم قائم کر دیا۔ فیونا میکلیوڈ فورم کی سربراہی کریں گی، چھ ہفتوں میں رپورٹ مرتب ہوگی، کھلاڑیوں اور سابق عہدیداروں کو مؤقف پیش کرنے کی دعوت، کسی کو سزا نہیں دی جائے گی۔

Web Desk28 نومبر، 2026