امریکا محاصرہ اور جارحیت ختم کرے تو آبنائے ہرمز کھول دیں گے: مسعود پزشکیان


ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا محاصرہ اور جارحیت ختم کرے تو ایران آبنائے ہرمز کھول دے گا۔ پزشکیان نے امریکی بحری ناکہ بندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایران دباؤ میں ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ عمان میں عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس اور ایران و عمان کے درمیان مشترکہ بحری راستے کے معاہدے کا بھی اعلان کیا گیا
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکا ایران کے خلاف محاصرہ اور جارحیت ختم کردے تو ایران آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تیار ہے۔
انڈین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا تو اس نے بحری محاصرے کا راستہ اختیار کیا، تاہم ایران امریکی جارحانہ اقدامات سے ڈرنے والا نہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ بحری راستہ ایران کی زندگی کا واحد انحصار نہیں اور امریکا کی یہ خام خیالی ہے کہ بحری ناکہ بندی کے ذریعے ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے بتایا کہ پیر کو عرب ممالک کے وزرائے خارجہ عمان میں اجلاس کریں گے، جہاں ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں مشترکہ بحری راستے سے متعلق معاہدے پر دستخط کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ عالمی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سامنے بھی پیش کیا جائے گا، جبکہ اجلاس میں ان ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے جن کی سرزمین سے ایران پر حملے کیے گئے۔

شائع ہوا: 12 ستمبر، 2026 کو 05:31 AM
آخری تدوین: 12 ستمبر، 2026



