گجرات میں 3 سالہ بچی کا قتل، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں لرزہ خیز انکشافات


گجرات کے علاقے گلیانہ میں جھاڑیوں سے ملنے والی 3 سالہ بچی کی لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، بدترین تشدد اور ہڈیوں کے فریکچر کی تصدیق
گجرات: گجرات کے نواحی علاقے گلیانہ میں جھاڑیوں سے ملنے والی 3 سالہ بچی کی لاش کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی پر موت سے قبل بدترین تشدد کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے ناک، کان، منہ اور آنکھوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے، جبکہ اس کے بازو اور ٹانگ کی ہڈیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچی کی موت شدید تشدد اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی۔ پوسٹ مارٹم کے دوران بچی سے مبینہ زیادتی کا شبہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اس کی حتمی تصدیق فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ آنے کے بعد ہوگی۔
بچی کی لاش تین روز قبل گجرات کے نواحی علاقے گلیانہ سے برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
پولیس کے مطابق کیس میں پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کے کزن کو اس کے والد سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔
معصوم بچی پر تشدد اور قتل کے اس واقعے نے علاقے میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ اہل خانہ اور شہری ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

شائع ہوا: 13 ستمبر، 2026 کو 03:48 AM
آخری تدوین: 13 ستمبر، 2026



