سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رہیں گے، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر علی خان نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ عمران خان کے سوا کسی کو وزیراعلیٰ تبدیل کرنے کا اختیار نہیں ہوگا، پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہدایات پر عمل درآمد کا حکم
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی نامزدگی برقرار رکھنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت اور اعتماد سے سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی نامزدگی یا تبدیلی سے متعلق اجلاس بلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں اور عہدیداروں کو بھی اس معاملے پر کوئی ایجنڈا پیش کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی نامزدگی یا تبدیلی کے حوالے سے کسی تجویز یا بحث کی اجازت نہیں ہوگی۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوا کسی کو متبادل وزیراعلیٰ نامزد کرنے یا فیصلے میں تبدیلی کا اختیار حاصل نہیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے متعلق عمران خان کے فیصلے پارٹی کے تمام ارکان اور عہدیداروں کے لیے حتمی اور پابند ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے تمام ارکان اور عہدیداروں کو نوٹیفکیشن پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ حیثیت برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی سے متعلق کسی بھی تجویز پر پارٹی قیادت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی پابندی لازم قرار دی گئی ہے۔
شائع ہوا: 29 اکتوبر، 2026 کو 02:21 PM
آخری تدوین: 29 اکتوبر، 2026



